پاکستان نے ٹی توئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے ہرا کر سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی۔
بلاوائیو میں کھیلی جارہی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور زمبابوے کو 166 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 108 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی۔
طیب اور عرفان کی عمدہ بیٹنگ
پاکستان کی جانب سے عمیر یوسف اور صائم ایوب میدانن میں اترے لیکن دونوں کچھ خاص نہ کرسکے۔ عمیر 13 گیندوں پر 16 جب کہ صائم ایوب 18 گیندوں پر 24 رنز بناسکے۔
قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 91 رنز پر عثمان خان کی صورت میں گری۔ انہوں نے 39 رنز بنائے۔ کپتان سلمان علی آغا نے انتہائی سست بیٹنگ کی وہ 19 گیندیں کھیل کر 13 رنز ہی بنائے۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 15ویں اوور میں 100 رنز تھا۔
سلمان علی آغا کے بعد عرفان خان اور طاہر طیب نے تیزی سے رنز بٹورنا شروع کئے۔ اور مررقہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر اسکور کو 165 رنز تک پہنچادیا۔
طاہر طیب نے 25 گیندوں پر 39 جب کہ عرفان خان نے 15 گیندوں کا سامنا کرکے 27 رنز بنائے۔
زمبابوے ریت کی دیوار
زمبابوے نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے اوور میں ہی اسے پہلا جھٹکا لگا اور برائن بینٹ صرف چھ رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اسی اوور میں ابرار نے ڈوئن میئرز کے سٹمپز بھی اڑا دیں۔ وہ صرف چھ رنز بنا سکے۔
اوپر تلے دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سکندر رضا میدان میں آئے اور ٹاڈیواناشے مارومانی کے ساتھ مل کر پاکستانی بولرز پر ہلہ بول دیا اور دباؤ کو کچھ کم کیا۔ دونوں کے درمیان 59 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد مارومانی 20 گیندوں پر 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
جس کے بعد زمبابوے کا کوئی کھلاڑی کریز پر نہ ٹک سکا۔ پوری ٹیم 108 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی۔
زمبابوے کے تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، سکندر رضا 39 اور ٹاڈی واناشے 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کے ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حارث رؤف 2 اور جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔









