میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش پریمئر لیگ کی فرنچائز فارچیون باریشال نے شاہین آفریدی کو سائن کرلیا ہے۔ شاہین اب تک بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں نہیں کھیلے ہیں۔ اس طرح وہ بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں اپنا ڈیبیو کر سکتے ہیں۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق شاہین آفریدی اور فارچیون باریشال کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ شاہین آفریدی کے ساتھ اس ٹیم میں کائلی میئرز، ڈیوڈ ملان، محمد نبی اور تمیم اقبال جیسے بڑے نام ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ شاہین آفریدی کی آمد سے فارچون باریشال کی باؤلنگ کو تقویت ملے گی۔
بنگلا دیش پریمئیر لیگ کا حالیہ ایڈیشن 30 دسمبر سے شروع ہوگا اور اس کا فائنل 7 فروری کو کھیلا جائے گا۔ اسی دوران پاکستان ، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز بھی کھیلے گا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز رواں برس کے اختتام پر شروع ہوگی جب کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز 16 جنوری سے 28 جنوری تک شیڈول ہے۔
شاہین آفریدی کی بی پی ایل میں شرکت پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی درکار ہوگا۔ پاکستانی ٹیم شاہین آفریدی کے بغیر ٹیسٹ سیریز میں اتر سکتی ہے۔ اس طرح پاکستان کرکٹ بورڈ شاہین آفریدی کو بی پی ایل کے لیے این او سی دے سکتا ہے۔