گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی انتظامیہ نے پاکستانی اسٹنٹ ڈرائیور سلطان محمد گولڈن کے طویل ترین ریورس کار جمپ اور ریورس میں تیز ترین ایک میل ڈرائیونگ کے ریکارڈ کی تصدیق کردی ہے۔۔
پاکستان کے باصلاحیت ڈرائیور سلطان محمد گولڈن نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے دو گنیز ورلڈ ریکارڈز قائم کر دیے ہیں۔ سلطان محمد نے 13 دسمبر 2025 کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ تاریخی اعزاز اپنے نام کیا۔
سلطان محمد گولڈن نے طویل ترین ریورس کار جمپ اور ریورس میں تیز ترین ایک میل ڈرائیونگ کے چیلنجز کامیابی سے مکمل کر کے نئے عالمی ریکارڈ قائم کیے، جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا گیا۔
ریورس ڈرائیونگ کے دونوں منفرد اور انتہائی مشکل چیلنجز میں سلطان محمد نے غیر معمولی مہارت، کنٹرول اور اعصاب کی مضبوطی کا مظاہرہ کیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ نے سلطان محمد کی جانب سے پیش کیے گئے تمام تکنیکی شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے جاری کیے گئے سرٹیفکیٹس 20 فروری 2026 تک سلطان محمد گولڈن کو موصول ہو جائیں گے، جو اس تاریخی کامیابی کو مزید مستحکم کریں گے۔
سلطان محمد گولڈن کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کیلئے فخر کا باعث ہے بلکہ یہ نوجوانوں کیلئے عزم، محنت، مہارت اور قومی وقار کی ایک روشن مثال بھی بن کر سامنے آئی ہے۔











