اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے پاور ڈویژن کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے 300 یونٹ ماہانہ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کر دیے ہیں۔ نئے فیصلے کے تحت پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں کیٹیگریز کے صارفین پر فکسڈ چارجز لاگو ہوں گے۔
اس سے قبل فکسڈ چارجز صرف 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین سے وصول کیے جاتے تھے، تاہم تازہ فیصلے کے بعد کم یونٹس استعمال کرنے والے صارفین بھی اس دائرہ کار میں آ گئے ہیں۔
نیپرا کے مطابق 100 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے جبکہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز عائد ہوں گے۔
نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 100 یونٹ تک بجلی استعمال پر 275 روپے، 200 یونٹ تک 300 روپے اور 300 یونٹ تک بجلی استعمال پر 350 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔
اسی طرح 301 سے 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز میں 200 روپے اضافہ کرتے ہوئے 400 روپے کر دیے گئے ہیں۔ 401 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے فکسڈ چارجز 100 روپے اضافے کے بعد 500 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
نیپرا فیصلے کے مطابق 600 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر فکسڈ چارجز میں 75 روپے اضافے کے بعد 675 روپے عائد ہوں گے، جبکہ 700 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فکسڈ چارجز میں 125 روپے کمی کر کے 675 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے فکسڈ چارجز میں 325 روپے کمی کے بعد بھی 675 روپے ہی وصول کیے جائیں گے۔


