پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور آٹھوں ٹیموں نے اپنے اپنے سکواڈ کے لیے کھلاڑیوں کو منتخب کر لیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کا انتخاب پلیئرز ڈرافٹ کے طریقہ کار کے تحت کیا جاتا تھا۔ تاہم رواں برس سیزن 11 کے لیے انڈین پریمیئر لیگ کی طرز پر پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کی نیلامی کا طریقۂ کار متعارف کرایا ہے۔ لیکن اس مرتبہ آئی پی ایل کی طرز پر کھلاڑیوں کی بیس پرائس مقرر کر کے نیلامی کی جا رہی ہے۔
پی ایس ایل کے پہلے 10 سیزنز میں کھلاڑیوں کو ڈالرز میں ادائیگی کی جاتی تھی، تاہم اس مرتبہ اُنھیں پاکستانی روپوں میں معاوضہ دیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی نیلامی کے لیے اس بار بھی چار کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔
پہلی کیٹیگری میں بنیادی معاوضہ چار کروڑ 20 لاکھ، دوسری میں دو کروڑ 20 لاکھ روپے، تیسری میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ چوتھی کیٹیگری میں 60 لاکھ روپے رکھا گیا تھا۔
نیلامی میں پہلی کیٹیگری میں 8 پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں جو پاکستان کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، حارث رؤف، محمد عامر، نسیم شاہ، عماد وسیم اور فخر زمان کے علاوہ فہیم اشرف تھے۔
پانچ پاکستانی کھلاڑیوں کی بیس پرائس دو کروڑ 20 لاکھ روپے رکھی گئی ہے یعنی وہ دوسری کیٹیگری کا حصہ ہیں اور یہ تمام کھلاڑی پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ان میں شان مسعود، افتخار احمد، اسامہ میر، سعود شکیل اور محمد وسیم جونیئر شامل تھے۔
زیادہ سے زیادہ بیس پرائس پانے والے غیرملکی کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے چھ، انگلینڈ کے چار، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے تین، تین اور سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے دو، دو کھلاڑی شامل تھے۔
پی ایس ایل کے 11 ویں سیزن میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے بعد سب سے مہنگے کھلاڑی سٹیو اسمتھ ثابت ہوئے ہیں، جن کی خدمات سیالکوٹ سٹالینز نے 14 کروڑ روپے میں حاصل کی ہیں۔ ان کے علاوہ صائم ایوب کی خدمات حیدرآباد کنگزمین نے 12 کروڑ 60 لاکھ میں حاصل کی ہیں۔
نیلامی میں بولی کا آغاز آل راؤنڈر فہیم اشرف کے نام سے ہوا جنھیں اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے فرنچائز مالکان کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا تاہم آخر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ساڑھے آٹھ کروڑ کی بولی دے کر انھیں اپنے سکواڈ کا حصہ بنا لیا۔
اب تک سب سے زیادہ بولی فاسٹ بولر نسیم شاہ کے لیے لگی جنھیں راولپنڈی کی ٹیم نے آٹھ کروڑ 65 لاکھ میں خریدا۔ جبکہ حارث رؤف کو لاہور قلندرز نے سات کروڑ 60 لاکھ میں دوبارہ اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔
فخر زمان کے لیے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملااور چار کروڑ 20 لاکھ کی بنیادی قیمت والے اوپنر کو انھیں ریلیز کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز نے سات کروڑ 95 لاکھ روپے کی بولی دے کر دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا۔
پاکستان کی قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کے لیے اسلام آباد اور کراچی کی ٹیموں میں مقابلہ ہوا اور کامیاب بولی پانچ کروڑ 85 لاکھ روپے کی تھی جو کراچی کنگز نے دی جبکہ صاحبزادہ فرحان پانچ کروڑ 70 لاکھ روپے میں سیالکوٹ سٹالیئنز کا حصہ بنے۔ اس کے علاوہ محمد عامر کو راولپنڈی کی ٹیم نے پانچ کروڑ 40 لاکھ روپے کے عوض حاصل کیا۔
غیر ملکی کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو کراچی کنگز نے آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کے لیے سات کروڑ 90 لاکھ روپے کی کامیاب بولی دی جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کے اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقابلہ ہوا جس کا نتیجہ راولپنڈی کے حق میں نکلا جس نے مچل کی خدمات آٹھ کروڑ پانچ لاکھ روپے کے عوض حاصل کیں۔











