اہم ترین

پاکستان کا دوسرا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او-2 کامیابی سے خلا میں پہنچ گیا

پاکستان نے اپنا دوسرا مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او-2 کامیابی سے خلا میں بھیج دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اعلان کیا ہے کہ سیٹلائٹ کو قومی خلائی ادارے سپارکو نے چین کے یانگ جیانگ لانچ سینٹر سے لانچ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ای او-2 مکمل طور پر پاکستان میں ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے، جو ملکی خلائی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

بیان کے مطابق نیا سیٹلائٹ زمینی مشاہدے اور ڈیٹا حاصل کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ ای او-2، پہلے سے مدار میں موجود ای او-ون کے ساتھ مل کر کام کرے گا، جس سے ملک کی ریموٹ سینسنگ اور نگرانی کی استعداد مزید مضبوط ہوگی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹ قومی منصوبہ بندی، وسائل کے مؤثر انتظام، زرعی ترقی، شہری منصوبہ بندی اور گورننس کے شعبوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔

حکام کے مطابق ای او-2 کی کامیاب لانچنگ پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے اور یہ ملک کو جدید خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید مستحکم بنائے گا۔

پاکستان