بھارتی اداکارہ مونالیزا بھونسلے نے فلم ڈائریکٹر سنوج مشرا پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم دی ڈائری آف منی پور کی شوٹنگ کے دوران انہیں متعدد بار ہراساں کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مونالیزا نے دعویٰ کیا کہ ڈائریکٹر سنوج مشرا نے انہیں کم از کم 10 مرتبہ نامناسب طریقے سے چھوا۔ ان کے مطابق جب انہوں نے یہ بات اپنے خاندان کو بتائی تو انہیں کوئی حمایت نہیں ملی، بلکہ نظر انداز کر دیا گیا۔
اداکارہ نے بھارت کی مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ کیرالہ اور مدھیہ پردیش حکومت سے فوری سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتےہوئےکہاکہ مجھے معلوم ہے میں نے کیا برداشت کیا ہے، مجھے صرف انصاف چاہیے۔ انہیں اور ان کے شوہر کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، حتیٰ کہ ان کے پوسٹرز بھی جلائے جا رہے ہیں۔
مونالیزا نے کہا کہ اگر انہیں اور ان کے شوہر کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
مونالیزا نے اپنے شوہر فرمان خان کے حوالے سے بھی وضاحت دی کہ ان کی شادی مکمل طور پر ہندو رسم و رواج کے مطابق ایک مندر میں ہوئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈائریکٹر اس شادی کو لو جہاد قرار دے کر معاشرے میں نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
دوسری جانب فرمان خان نے کہا کہ انہیں محض مسلم ہونے کی وجہ سے دہشت گرد کہا جا رہا ہے، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔
مونالیزا بھونسلے دو برس پہلے تک ایک عام اور انتہائی غریب گھرانے سےتعلق رکھنے والی خاتون تھیں۔ گزشتہ برس ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جب وہ ہندوۤں کے مذہبی اجتماع کمبھ میلے میں مذہبی ہار اور مالائیں میں بیچ رہی تھیں۔










