وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انہوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی ہے۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کی تاریخ میں پیٹرول فی لیٹر 544 روپے ہونا چاہیے تھا حکومت عوام کو 322 روپے میں دے رہی ہے، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 790 روپے ہونی چاییے تھی جو 335 روپے میں فراہم کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ دنیا بھر کے ممالک میں پیٹرول کی قیمتیں دو گنا ہوچکی ہیں، موجودہ حالات میں پیٹرول پر فی لیٹر 95 روپے اور ڈیزل پر 203 روپے اضافےکی تجویز دی گئی تھی۔ لیکن ہم نے 100ارب کے ترقیاتی بجٹ کی کٹوتی کرکے ایک عام آدمی پر بوجھ کم کردیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت 56 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کرے گی، میرے لیے عوام کے معاشی تحفظ کے سوا کچھ نہیں ہے، حکومت نے مہنگائی کے اس طوفان کو عوام تک پہنچنے سے روک رکھا ہے، حکومت یہ جدوجہد اکیلے نہیں کر سکتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک غیر معمولی اور مشکل ترین صورتحال سے نبرد آزما ہے، کوشش کررہے ہیں کہ خطہ اور دوست ممالک تباہ کن جنگ سے نجات پائیں۔ اسحاق ڈار پوری محنت اور خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں، فیلڈ مارشل اس عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان کی سفارتی کوششیں محض بین الاقوامی کوشش نہیں بلکہ مذہبی فریضہ ہے۔









