یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے خلیجی ممالک کے دورے کے دوران دفاعی تعاون کو وسعت دیتے ہوئے قطر اور یواے ای کے ساتھ فضائی دفاع کے شعبے میں معاہدوں پر اتفاق کیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق امریکا اور اسرائیلی حملے کےبعد ایران کی جانب سے خلیجی ممالک کی تنصیبات کو نشانہ بنائے کا عمل جاری ہے۔ اس صورت حال میں یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے خلیجی ممالک کا دورہ کیا
گزشتہ روز یوکرینی صدر نے سعودی عرب کے دورے کے دوران بھی فضائی دفاع سے متعلق ایک معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
جس کے بعد ولادی میر زیلنسکی نے قطر اوریواے ای کے سربراہانن سے ملاقاتیں کیں۔
قطر کی وزارتِ دفاع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے میں میزائلوں اور ڈرونز سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مشترکہ سرمایہ کاری اور تجربات کے تبادلے پر زور دیا گیا ہے۔
یوکرینی صدر نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زائد النہیان سے ملاقات کے بعد کہا کہ موجودہ حالات میں ممالک کے لیے سکیورٹی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے، اور یوکرین اس حوالے سے اپنی مہارت شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔
یوکرین نے حالیہ برسوں میں روس کے خلاف جنگ کے دوران ڈرون اور میزائل حملوں کا مؤثر مقابلہ کیا ہے، جس کے باعث وہ اپنی اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو دنیا میں نمایاں حیثیت دے رہا ہے۔
ولادی میر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یوکرین نا صرف عالمی مدد کا خواہاں ہے بلکہ اب اپنے اتحادیوں کی مدد کرنے کے لیے بھی تیار ہے، جس سے مستقبل میں دفاعی تعاون کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں۔










