اہم ترین

ایران اسرائیل جنگ سے روس کی چاندی : تیل اور گیس کی فروخت آمدن دگنی

ایران پر حالیہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے توانائی کے عالمی بحران نے روس کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ریکارڈ سطح پر پہنچا دیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران پر حملوں نے حالیہ تاریخ کے سب سے سنگین توانائی کے بحران کو جنم دیا ہے۔ تاہم دنیا کے دوسرے بڑے تیل برآمد کنندہ ملک روس کے لیے یہ بحران ایک بڑے مالی فائدے کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

روس کو اپنے سب سے بڑے آئل ٹیکس سے حاصل ہونے والے ریونیو میں اپریل کے دوران دگنا اضافے کی توقع ہے۔

فروری کے آخر میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد تہران نے ردعمل کے طور پر آبنائے ہرمز کو مؤثر طریقے سے بند کر دیا ۔

عالمی سطح پر یہ سمندری راستہ تیل اور ایل این جی کی مجموعی عالمی نقل و حمل کے پانچویں حصے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس بندش کے باعث عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں۔

رائٹرز کی جانب سے پیداواری ڈیٹا اور تیل کی قیمتوں پر مبنی حساب کتاب کے مطابق مارچ میں روس کو تیل نکالنے کے معدنی ٹیکس سے 327 ارب روبل حاصل ہوئے۔ یہ آمدن بڑھ کر تقریباً 700 ارب روبل (9 ارب ڈالر) تک پہنچنے کا امکان ہے۔

تیل کے تاجروں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس بات کا ٹھوس ثبوت ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی سے پیدا ہونے والی قیمتوں کی لہر نے روسی خزانے کو بھرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان