امریکی وزیر توانائی کا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ

امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی مسلسل معطلی اور رکاوٹوں کے باعث آنے والے ہفتوں میں تیل کی قیمتیں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ سکتی ہیں۔

واشنگٹن میں منعقدہ ‘سیمافور ورلڈ اکانومی کانفرنس’ سے خطاب کرتے ہوئے کرس رائٹ نے کہا کہ جب تک آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی نقل و حمل معمول پر نہیں آتی، توانائی کی قیمتیں نہ صرف بلند رہیں گی بلکہ ان میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگلے چند ہفتوں میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو سکتی ہیں۔

امریکی وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تناؤ ختم ہونے اور توانائی کی سپلائی بحال ہونے پر قیمتیں دوبارہ نیچے آئیں گی، تاہم اس عمل میں وقت لگ سکتا ہے۔ ان کے مطابق صورتحال کی بہتری اور قیمتوں میں کمی کا امکان ستمبر کے بعد ہی نظر آتا ہے۔