چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کی واپسی اور انہیں میچز دیکھنے کی اجازت دلانے کے لیے وزیراعظم سے ملاقات کر کے خصوصی سفارش کریں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی و علاقائی صورتحال کے تناظر میں درمیانہ راستہ نکالنے اور مشکل فیصلے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ملکی امن و امان پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت تمام ادارے امن کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے عالمی صورتحال کا موازنہ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بھارت میں اس وقت ایندھن (فیول) کی شدید کمی ہے اور وہاں پیٹرول پمپوں پر لمبی لائنیں لگی ہیں، جبکہ پاکستان میں ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو قوم مشکل وقت میں خود کو ری آرگنائز (منظم) کر لیتی ہے، اس کے لیے آسانیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حوالے سے بتایا کہ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور تعمیراتی کام پی ایس ایل (PSL) کے فوری بعد شروع کر دیا جائے گا۔
آئی سی سی کی سربراہی کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ ابھی آئی سی سی کے سربراہ نہیں بن رہے، جبکہ عہدہ چھوڑنے کے سوال پر طنزیہ انداز میں کہا کہ اس بارے میں نجومیوں سے پوچھیں۔
انہوں نے موجودہ عالمی حالات میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کو پاکستانی فورسز کی بڑی جیت قرار دیا۔


