مائیکرو سافٹ کا بڑا فیصلہ:آؤٹ لک ایپ 25 مئی 2026 سے تقریباً غیر فعال

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے کہ مائیکروسافٹ نے اپنی مقبول ہلکی ای میل ایپ مائیکرو سافٹ آؤٹ لک لائٹ کو بند کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق 25 مئی 2026 کے بعد یہ ایپ عملی طور پر کام کرنا بند کر دے گی۔

آؤٹ لک لائٹ خاص طور پر 2022 میں ایسے صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی تھی جن کے موبائل فونز میں کم اسٹوریج یا انٹرنیٹ کی رفتار سست ہوتی ہے۔ تاہم اب کمپنی اپنی تمام توجہ مرکزی مائیکرو سافٹ آؤٹ لک ایپ پر مرکوز کرنا چاہتی ہے۔

ٹیک رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ پہلے ہی 2025 میں اس ایپ کو مرحلہ وار ختم کرنے کا اعلان کر چکی تھی۔

اب کمپنی چاہتی ہے کہ تمام صارفین جدید فیچرز اور بہتر سپورٹ کے لیے مرکزی ایپ استعمال کریں۔

صارفین کی 25 مئی 2026 کے بعد سے میل باکس تک رسائی ممکن نہیں ہوگی، نیویگیشن اور دیگر فیچرز کام نہیں کریں گے اور ایپ صرف نام کی حد تک رہ جائے گی

تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ آپ کی ای میلز، کیلنڈر اور فائلز محفوظ رہیں گی، نئے مائیکرو سافٹ آؤٹ لک میں لاگ اِن کر کے تمام ڈیٹا دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مائیکروسافٹ نے اس منتقلی کو بھی آسان بنا دیا ہے۔ اس کے لئے لائٹ ایپ میں موجود اپ گریڈ بٹن استعمال کریں یا پلےاسٹور سے براہ راست مائیکرو سافٹ آؤٹ لک ڈاؤن لوڈ کریں

اگرچہ مائیکرو سافٹ آؤٹ لک لائٹ کا بند ہونا ہلکی ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے، لیکن مائیکروسافٹ کا دعویٰ ہے کہ نئی ایپ بہتر کارکردگی، زیادہ فیچرز اور جدید تجربہ فراہم کرے گی۔