کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مایہ ناز جنوبی افریقی بلے باز رائلے روسو نے پی ایس ایل میں ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ لیگ کی تاریخ میں 100 میچز مکمل کرنے والے پہلے غیر ملکی اور مجموعی طور پر چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل صرف عماد وسیم، بابر اعظم اور فخر زمان ہی یہ سنگ میل عبور کر سکے ہیں۔
نیشنل بینک کرکٹ ارینا کراچی میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے رائلے روسو کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی اور انہیں فرنچائز کی جانب سے ایک اعزازی ہیلمٹ پیش کیا۔
رائلے روسو 2017 سے مسلسل پی ایس ایل کا حصہ ہیں۔ اپنے طویل سفر کے دوران انہوں نے 6 سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی جب کہ 4 سیزن ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلے۔
پروٹیاز بیٹر نا صرف میچز کی سنچری مکمل کر چکے ہیں بلکہ وہ رنز بنانے میں بھی صفِ اول میں شامل ہیں۔ وہ اب تک 2366 رنز بنا کر لیگ کے چوتھے ٹاپ اسکورر ہیں، جس میں 3 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ یہ کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی کی جانب سے بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔


