پاک بحریہ نے اپنی آپریشنل تیاریوں اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی سطح پر تیار کردہ بحری جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ میزائل نے طویل فاصلے پر اپنے ہدف کو انتہائی تیز رفتاری اور درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور دشمن کے دفاعی نظام کو چکمہ دینے کی بہترین صلاحیت سے لیس ہے۔ یہ متحرک حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے اور ہدف کو مکمل مہلکیت کے ساتھ تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ کامیاب تجربہ پاک بحریہ کی تکنیکی مہارت اور آپریشنل برتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ مشق بحری حدود کے تحفظ، خطے میں استحکام کو یقینی بنانے اور روایتی جنگی مہارت میں دشمن کے خلاف مؤثر دفاع برقرار رکھنے کے عزم کی عکاس ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ میزائل فائرنگ کے اس مشاہدے میں شرکت کی۔ نیول چیف نے اس اہم کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور تمام مسلح افواج کے سربراہان نے اس سنگ میل کو عبور کرنے پر متعلقہ یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور اسے قومی دفاع کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔


