پاکستان کے یوروبانڈ میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی : مزید 250 ملین ڈالر جاری

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے یوروبانڈ کے اجرا کا حجم بڑھا کر 750 ملین ڈالر کر دیا ہے۔ ابتدا میں اس یوروبانڈ کا حجم 500 ملین ڈالر رکھا گیا تھا، تاہم عالمی سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث اسے بڑھایا گیا۔

خرم شہزاد نے بتایا کہ اضافی 250 ملین ڈالر گرین شو آپشن کے تحت عالمی سرمایہ کاروں کو جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس یوروبانڈ کے لیے مضبوط طلب سامنے آئی، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے چار سال بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں کامیاب واپسی کی ہے، جو ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی بحالی کا اشارہ ہے۔ ان کے مطابق عالمی کیپیٹل مارکیٹس میں پاکستان کی موجودگی دوبارہ مستحکم ہو رہی ہے اور سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں۔