پاک بحریہ کا زبردست وار! مقامی تیار کردہ تیمور کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل تیمور کا کامیاب تجربہ کر کے دفاعی میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل فضا سے فائر کیا گیا اور اس نے انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس کامیاب فائرنگ کو پاک بحریہکی سمندر میں درست نشانہ لگانے اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس تجربے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاک بحریہ اب طویل فاصلے پر سمندری اہداف کی نشاندہی اور انہیں تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق تیمور کروز میزائل کا کامیاب تجربہ قومی دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے اس جدید میزائل کی کامیاب فائرنگ نے پاکستان کی مسلح افواج کی کثیرالجہتی اور مربوط دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا دیا ہے۔

پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قومی بحری مفادات کے تحفظ اور سمندری حدود کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

صدر مملکت ، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی اور اس پیش رفت کو ملک کے دفاع کو مزید ناقابلِ تسخیر بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔