اہم ترین

جاپان میں خوفناک جنگلاتی آگ :ہزاروں افراد کو انخلا کا حکم،

جاپان کے شمالی علاقے میں جنگلاتی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اور اب شعلے رہائشی علاقوں کی طرف بڑھنے لگے ہیں، جس کے باعث حکام نے ہزاروں افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

حکام کے مطابق اوٹسوچی قصبے کے قریب آگ نے شدت اختیار کر لی ہے، جبکہ اییٹ پریفیکچر کے پہاڑی علاقوں میں دو روز کے دوران 400 ہیکٹر سے زائد رقبہ جل چکا ہے۔ آگ کے شعلے گھروں کے قریب پہنچتے دیکھے گئے اور قریبی جنگل سے دھواں آسمان کی طرف اٹھتا رہا۔

جاپانی حکومت کے ترجمان مینارو کیہارا کے مطابق تقریباً 2,500 سے زائد افراد کو انخلا کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ اب تک سیکڑوں شہری محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔

آگ پر قابو پانے کے لیے تقریباً 700 فائر فائٹرز اور 13 طیارے متحرک کر دیے گئے ہیں۔ تاہم تیز ہواؤں اور خشک موسم کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اب تک 329 افراد عارضی پناہ گاہوں میں منتقل ہو چکے تھے۔ ایک فائر فائٹر نے بتایا کہ جلتے درختوں کی آواز خوفناک تھی اور شعلے تیزی سے پھیل رہے تھے۔

یاد رہے کہ بڑھتی ہوئی خشک سردیوں نے جاپان میں جنگلاتی آگ کے خطرات میں اضافہ کر دیا ہے۔ گزشتہ سال اوفوناتو میں لگنے والی آگ نصف صدی کی بدترین آگ قرار دی گئی تھی۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر محفوظ مقام کی طرف منتقل ہو جائیں۔

پاکستان