فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینتینو نے واضح کیا ہے کہ ایران آئندہ فٹبال ورلڈ کپ میں ضرور شرکت کرے گا، چاہے عالمی سیاسی حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں۔ یہ ٹورنامنٹ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا۔
ایران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث ایرانی ٹیم کی شرکت پر سوالات اٹھ رہے تھے، لیکن انفینٹینو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فٹبال کا مقصد دنیا کو متحد کرنا ہے، اس لیے ایران کو کھیلنے دیا جائے گا۔
کینیڈا میں ہونے والی فیفا کانگریس کے دوران ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاجسمیت وفد شریک نہیں ہو سکا۔ رپورٹس کے مطابق انہیں امیگریشن مسائل کے باعث سرحد سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔
اس حوالے سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے بھی عندیہ دیا کہ ایرانی وفد کے داخلے کی اجازت منسوخ کی گئی تھی۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر فیفا اجازت دیتا ہے تو انہیں ایران کی شرکت پر کوئی اعتراض نہیں، اور ان کے خیال میں ایران کو کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے۔


