اہم ترین

ٹرمپ کا یورپی گاڑیوں پر ٹیرف بم : درآمدی ٹیرف بڑھاکر 25 فیصد کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کے خلاف ایک نئے تجارتی محاذ کا رخ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے سے یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی کاروں اور ٹرکوں پر ٹیرف (درآمدی ڈیوٹی) بڑھا کر 25 فیصد کر دیں گے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین گزشتہ برس ہونے والے تجارتی معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہی۔

انہوں نے فلوریڈا میں ایک تقریب کے دوران جرمنی کو خاص طور پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جرمن کار ساز کمپنیاں جیسے مرسڈیز بینز اور بی ایم ڈبلیو امریکیوں کو لوٹ رہی ہیں۔

یاد رہے کہ موجودہ معاہدے کے تحت یہ ڈیوٹی 15 فیصد پر محدود تھی، جسے اب ٹرمپ 10 فیصد مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس فیصلے سے سب سے زیادہ نقصان جرمنی کو پہنچنے کا خدشہ ہے کیونکہ امریکہ جرمن گاڑیوں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ 2024 میں جرمنی نے تقریباً ساڑھے چار لاکھ گاڑیاں امریکہ برآمد کی تھیں۔

صدر ٹرمپ کے جرمن چانسلر فریڈرک میرز کے ساتھ حالیہ سیاسی اختلافات نے بھی اس صورتحال کو مزید کشیدہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب یورپی کمیشن نے ٹرمپ کے اس دھمکی آمیز بیان پر سخت ردِعمل دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین اپنے وعدوں پر عمل درآمد کر رہی ہے، لیکن اگر امریکہ نے یکطرفہ اقدامات کیے تو یورپی یونین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام آپشنز کھلے رکھے گی۔

پاکستان