پی ایس ایل11: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر حیدرآباد کے بولر محمد علی پر جرمانہ

حیدرآباد کنگز مین کے فاسٹ بولر محمد علی پر پاکستان سپر لیگ کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

یہ خلاف ورزی انہوں نے جمعہ کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف دوسرے ایلیمینیٹر میچ کے دوران کی۔

محمد علی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کھلاڑیوں اور معاون عملے کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جو “ایسا رویہ جو کھیل کی بدنامی کا باعث بنے” سے متعلق ہے۔ یہ واقعہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کے 16ویں اوور میں پیش آیا۔

دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے جرمانہ قبول کر لیا۔ ان پر الزامات آن فیلڈ امپائر احسن رضا اور شاہد سائیکت نے عائد کیے، جبکہ میچ ریفری روشن مہاناما نے سزا سنائی۔