کمپیوٹر استعمال کرنے والے زیادہ تر افراد ماؤس کے صرف لیفٹ اور رائٹ کلک سے واقف ہوتے ہیں، لیکن ماؤس کا درمیانی یعنی مڈل بٹن ایسے حیران کن فیچرز رکھتا ہے جو ویب براؤزنگ کو نہایت آسان اور تیز بنا دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر کسی ویب لنک پر مڈل بٹن دبایا جائے تو وہ فوراً نئی ٹیب میں کھل جاتا ہے، جس سے ایک ہی وقت میں متعدد صفحات کھولنا آسان ہو جاتا ہے۔
اسی طرح براؤزر کے بیک، ریفریش یا ہوم آئیکون پر مڈل کلک کرنے سے بھی بعض صفحات نئی ٹیب میں اوپن ہو جاتے ہیں۔
ایڈریس بار میں سرچ کرتے وقت ظاہر ہونے والے آٹو سجیشنز پر مڈل کلک کر کے بھی مطلوبہ ویب سائٹ نئی ٹیب میں کھولی جا سکتی ہے۔
بک مارکس استعمال کرنے والوں کیلئے بھی یہ بٹن انتہائی مفید ہے۔ کسی بک مارک پر مڈل کلک کرنے سے وہ نئی ٹیب میں اوپن ہو جاتا ہے، جبکہ پورے بک مارک فولڈر پر کلک کرنے سے اس میں موجود تمام لنکس الگ الگ ٹیبز میں کھل جاتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کسی ٹیب کو بند کرنے کیلئے “X” بٹن پر کلک کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔ صرف ٹیب کے اوپر مڈل کلک کریں اور وہ فوراً بند ہو جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ونڈوز11استعمال کرنے والے لیپ ٹاپ صارفین ٹریک پیڈ میں بھی مڈل بٹن جیسا فیچر فعال کر سکتے ہیں۔ سیٹنگز میں جا کر تھریفنگر گیسچر آن کرنے سے تین انگلیوں کے ٹچ پر مڈل کلک جیسا فنکشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ٹیک ماہرین کا کہنا ہے کہ ماؤس کے اس پوشیدہ بٹن کا درست استعمال روزمرہ کمپیوٹر ورک کو کہیں زیادہ آسان، تیز اور پروفیشنل بنا سکتا ہے۔


