اہم ترین

مریخ پر 10 لاکھ انسان آباد ہوں گے تو ہی مسک کو ملے گا اربوں ڈالر کا بونس

دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ٹیکنالوجی ارب پتی ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے اپنی آئی پی او فائلنگ میں ایک ایسی حیران کن شرط ظاہر کر دی ہے جس نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپیس ایکس کی جانب سے امریکی ریگولیٹری اداروں میں جمع کروائی گئی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک کا اربوں ڈالر مالیت کا خصوصی بونس اس وقت تک مکمل طور پر فعال نہیں ہوگا جب تک ایک ملین یعنی 10 لاکھ انسانوں کو مریخ پر آباد نہ کر دیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق بونس کا انحصار کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 400 ارب ڈالر سے بڑھ کر 6 کھرب ڈالر تک پہنچنے کے ساتھ ساتھ مریخ پر انسانی آبادی قائم کرنے کے خواب سے بھی جڑا ہوا ہے۔

ایلون مسک طویل عرصے سے یہ مؤقف اختیار کرتے آ رہے ہیں کہ انسانیت کی بقا کے لیے مریخ پر نوآبادی قائم کرنا ضروری ہے، اگرچہ ماہرین اس منصوبے کو کئی دہائیوں دور قرار دیتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق اگر اسپیس ایکس کی آئی پی او منصوبے کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں کامیاب ہو جاتی ہے تو موجودہ اندازوں کے تحت ایلون مسک کے حصص کی مالیت 735 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، چاہے ابھی تک کوئی انسان مریخ پر نہ پہنچا ہو۔

اسپیس ایکس نے ایک دوسرا خصوصی بونس بھی متعارف کروایا ہے، جس کے تحت خلا میں ایسے ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کا ہدف دیا گیا ہے جو سالانہ 100 ٹیرا واٹ کمپیوٹنگ پاور فراہم کر سکیں۔

اسپیس ایکس نے بدھ کو اپنی طویل عرصے سے متوقع آئی پی او کے لیے درخواست جمع کروائی، جبکہ کمپنی کا اسٹار شپ راکٹ خصوصی طور پر مریخ مشن کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے۔

پاکستان