پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال ایک بار پھر میڈیا اور سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ کے شوہر حمزہ حبیب نے اپنی اہلیہ کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں اور ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چڈھر پر سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ حبیب نے بتایا کہ سابق ایم پی اے ثاقب چڈھر نے ان کی شادی رکوانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ثاقب چڈھر نے ذاتی طور پر ان سے رابطہ کیا اور مومنہ اقبال کے کردار پر بے بنیاد الزامات لگائے تاکہ میں اس شادی کے فیصلے سے پیچھے ہٹ جاؤں، تاہم میں نے ان کے تمام تر دعووں کو یکسر مسترد کر دیا۔
حمزہ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ جب انہوں نے ان الزامات کو قبول کرنے سے انکار کیا تو انتقامی کارروائی کے طور پر ان کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس ایف آئی آر میں ان کا نام شامل کرنے کے بجائے صرف ان کا فون نمبر استعمال کیا گیا، جو کہ سراسر ایک غیر اخلاقی اور غیر قانونی اقدام تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران اپنی اہلیہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حمزہ حبیب نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ مومنہ میری بیوی ہے اور وہ میری ریڈ لائن ہے۔ اب جو کوئی بھی ان کے کردار پر بات کرے گا، اسے قانوناً اور اخلاقاً جواب دینا پڑے گا۔
حمزہ حبیب نے پریس کانفرنس میں یہ سنسنی خیز انکشاف بھی کیا کہ اس پورے تنازع کے دوران مختلف نامعلوم افراد نے ان سے رابطے کیے اور اداکارہ مومنہ اقبال کے خلاف میڈیا یا سوشل میڈیا پر منفی بیانات دینے کے بدلے بھاری رقوم کی پیشکش بھی کی، جسے انہوں نے ٹھکرا دیا۔


