رواں برس کتنے فرزندان اسلام نے فریضہ حج ادا کیا؟اعداد وشمار جاری

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے اسٹیٹسٹکس نے حج سنہ 1447 ہجری کے باضابطہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج کرام کی مجموعی تعداد 17 لاکھ 7 ہزار 301 رہی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان میں 15 لاکھ 46 ہزار 655 حجاج وہ تھے جو مختلف فضائی، زمینی اور بحری راستوں کے ذریعے بیرونِ ملک سے سعودی عرب پہنچے، جبکہ سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں پر مشتمل داخلی حجاج کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 646 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ شماریات کے مطابق مجموعی حجاج میں مردوں کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 396 رہی، جبکہ خواتین حجاج کی تعداد 8 لاکھ 13 ہزار 905 ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ فضائی راستہ حجاج کی آمد کا سب سے بڑا ذریعہ رہا۔ بیرونِ ملک سے آنے والے 14 لاکھ 85 ہزار 729 حجاج ہوائی سفر کے ذریعے سعودی عرب پہنچے، جبکہ 54 ہزار 429 حجاج زمینی راستوں سے اور 6 ہزار 497 حجاج بحری گزرگاہوں کے ذریعے مملکت میں داخل ہوئے۔

سعودی جنرل اتھارٹی برائے اسٹیٹسٹکس نے وضاحت کی کہ حج 1447 کے ڈیٹا اور اشاریوں کی تیاری میں وزارتِ داخلہ کے ایڈمنسٹریٹو ریکارڈز کو بنیادی ذریعہ بنایا گیا۔ یہ عمل ایک جدید اور متحد شماریاتی ماڈل کے تحت مکمل کیا گیا جس کا مقصد انتہائی درست، شفاف اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنا ہے۔

محکمے کے مطابق گزشتہ چھ برسوں سے حج کے اعداد و شمار مرتب کرنے کے لیے جدید شماریاتی طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر درست ڈیٹا فراہم کیا جا سکے۔