پاکستان کی ایٹمی صلاحیت خطے میں امن، استحکام اور مؤثر دفاع کی ضامن ہے: مسلح افواج

یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

عسکری قیادت نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر 28 مئی 1998 کے اُس تاریخی دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایٹمی قوت بن کر جنوبی ایشیا میں اسٹریٹیجک توازن بحال کرنے میں کامیاب ہوا۔

پیغام میں کہا گیا کہ یہ تاریخی کامیابی قومی اتحاد، استقامت اور پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

سکری قیادت نے کہا کہ یہ کامیابی قومی قیادت کی بصیرت، پاکستانی سائنس دانوں اور انجینئرز کی غیر معمولی خدمات، اور مسلح افواج و قوم کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

پیغام میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے جو خطے میں امن، استحکام، علاقائی سالمیت اور مؤثر دفاع کی ضامن ہے۔