سوشل میڈیا انفلوئنسر اور سابق ریئلٹی شو شریکِ مقابلہ تانیا متل نے کہا ہے کہ وہ کسی امیر شوہر کی خواہش نہیں رکھتیں بلکہ خود اتنی مالی طور پر مضبوط بننا چاہتی ہیں کہ اپنے شریکِ حیات کی ہر ضرورت آسانی سے پوری کر سکیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں تانیا متل نے کہا کہ وہ جس شخص سے محبت کرتی ہیں، اس کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار رہتی ہیں۔ اگر ان کے مستقبل کے شوہر کے پاس دولت نہ بھی ہو تو انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، کیونکہ وہ خود اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ایک مضبوط مقام حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی بیوی بننا چاہتی ہیں جو اپنے شوہر کی بڑی سے بڑی مالی ضرورت پوری کر سکے۔ اگر ان کا شوہر روزانہ صبح اٹھ کر 10 سے 15 لاکھ روپے بھی مانگے تو ان میں اتنی مالی استطاعت ہونی چاہیے کہ وہ یہ رقم باآسانی فراہم کر سکیں۔
حال ہی میں ایک کُکنگ شو کی تشہیری سرگرمیوں کے دوران تانیا متل اور کشل تنور کے درمیان ہلکی پھلکی نوک جھونک بھی سامنے آئی۔ تانیا نے کہا تھا کہ مقابلے میں دوسروں کو شکست دینے کے لیے ان کے کھانے کو خراب کرنا درست رویہ نہیں، کیونکہ ایسا وہی لوگ کرتے ہیں جنہیں اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد نہیں ہوتا۔
اس تنازع کے بعد تانیا متل نے انسٹاگرام اسٹوری پر بغیر کسی کا نام لیے ایک پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں ایک بار پھر مردانہ انا کو چیلنج کرکے خوشی ہوئی ہے۔ کچھ مرد خودمختار اور مضبوط خواتین کا احترام کرتے ہیں، جبکہ بعض صرف ان پر تنقید کرنا جانتے ہیں۔
تانیا نے مزید کہا کہ وہ اپنی محنت، کامیابی اور لوگوں کی محبت کے ذریعے آگے بڑھ رہی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کی پہچان ہمیشہ ان کے کام اور کامیابیوں کی وجہ سے قائم رہے گی۔











