جو نہیں پیتا وہی جیتا! جاپانی کمپنی کا تمباکو نوشی نہ کرنے والے ملازمین کے لئے اعلان

دنیا بھر میں کمپنیاں اپنے ملازمین کی صحت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نت نئے اقدامات کر رہی ہیں، تاہم جاپان کی ایک کمپنی نے ایسا منفرد فیصلہ کیا ہے جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

جاپانی کمپنی پیالا انکارپوریٹڈ نے سگریٹ نوشی نہ کرنے والے ملازمین کو ہر سال 6 اضافی دن کی چھٹی دینے کی پالیسی متعارف کرائی ہے۔

رپورٹس کے مطابق کمپنی کے بعض ملازمین نے انتظامیہ کو شکایت کی تھی کہ سگریٹ نوشی کرنے والے ملازمین دن میں کئی بار سگریٹ بریک لیتے ہیں، جس سے نہ صرف ان کے کام کے اوقات متاثر ہوتے ہیں بلکہ دیگر ملازمین پر اضافی بوجھ بھی پڑتا ہے۔

شکایات موصول ہونے پر کمپنی نے صورتحال کا جائزہ لیا اور ملازمین سے رائے لی۔ بعد ازاں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تاکاو آسوکا نے فیصلہ کیا کہ سگریٹ نوشی نہ کرنے والے ملازمین کو ان کے اضافی وقت اور بہتر نظم و ضبط کے اعتراف میں سالانہ 6 اضافی چھٹیاں دی جائیں گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد صرف ملازمین کے درمیان انصاف قائم کرنا نہیں بلکہ انہیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا بھی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اضافی چھٹیوں کے لالچ میں کئی ملازمین نے سگریٹ نوشی ترک کرنے کی کوشش شروع کر دی، جبکہ بعض افراد اس عادت کو مکمل طور پر چھوڑنے میں بھی کامیاب رہے۔

ماہرین کے مطابق سگریٹ نوشی نہ صرف انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ بار بار لیے جانے والے اسموکنگ بریکس دفتری کارکردگی اور پیداواری صلاحیت پر بھی منفی اثر ڈالتے ہیں۔

جاپان کی اس منفرد پالیسی نے دنیا بھر کی کمپنیوں کی توجہ حاصل کر لی ہے، جبکہ کئی ادارے اب ملازمین کو صحت مند عادات اپنانے پر بونس، اضافی مراعات اور خصوصی سہولیات دینے پر غور کر رہے ہیں۔