اے آئی نے بدل دی نوجوان فٹبالر کی قسمت، ایک ویڈیو سے اٹلی کے کلب تک رسائی مل گئی

فٹبال کی دنیا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی ) ایک نئی انقلابی تبدیلی لے آئی ہے، جہاں موبائل فون سے بنائی گئی ایک ویڈیو نوجوان کھلاڑیوں کے خواب پورے کرنے کا ذریعہ بن رہی ہے۔

برازیل کے 18 سالہ فٹبالر لیونارڈو ویگا تقریباً اپنے پروفیشنل فٹبالر بننے کے خواب سے دستبردار ہو چکے تھے، لیکن ایک اے آئی ایپ نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ جنوبی برازیل کی ریاست سانتا کیتارینا کے ایک چھوٹے کلب سے کھیلنے والے ویگا نے سوئٹزرلینڈ کی کمپنی فٹباؤ کی ایپ استعمال کی، جس کے ذریعے کھلاڑی اپنی کارکردگی کی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں۔

ایپ مصنوعی ذہانت کی مدد سے کھلاڑیوں کی مہارت، رفتار اور تکنیکی صلاحیتوں کا تجزیہ کرتی ہے اور نتائج مختلف اسکاؤٹس اور کلبوں تک پہنچائے جاتے ہیں۔ ویگا کی ویڈیو بھی اعلیٰ اسکور حاصل کرنے والوں میں شامل ہوئی، جس کے بعد انہیں اٹلی کے کلب لیچے میں ٹریننگ کا موقع ملا۔ وہاں ایک اسکاؤٹ کی نظر ان پر پڑی اور بعدازاں وہ اٹلی کے سیکنڈ ڈویژن کلب اسپیٹزیا کی یوتھ اکیڈمی کا حصہ بن گئے۔

ویگا کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت نے ان کے لیے وہ دروازہ کھولا جو روایتی طریقوں سے کبھی نہ کھل سکا تھا۔ ان کے مطابق اگر وہ ایپ استعمال نہ کرتے تو شاید آج بھی گمنامی میں کھیل رہے ہوتے۔

فٹباؤ کے چیف ایگزیکٹو نک ریپولٹ کے مطابق اب تک تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار کھلاڑی ایپ استعمال کر چکے ہیں، جن میں اکثریت برازیل سے تعلق رکھتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہزاروں باصلاحیت کھلاڑی ایسے ہیں جو بڑے فٹبال مراکز سے دور ہونے کے باعث اسکاؤٹس کی نظروں میں نہیں آ پاتے اور اے آئی انہیں سامنے لانے میں مدد دے رہی ہے۔

دوسری جانب جرمن کمپنی کوجو بھی اسی میدان میں سرگرم ہے۔ اس کی ایپ کے ذریعے کھلاڑی مخصوص مشقوں کی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں جن کا اے آئی تجزیہ کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق ایپ کو گزشتہ سال کے آغاز سے اب تک تقریباً ایک لاکھ ساٹھ ہزار بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔

برازیل کی نوجوان فٹبالر مارسیلا جیریمیاس ڈی لیما بھی اسی ایپ کی بدولت اسکاؤٹس کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ بعدازاں انہیں جنوبی امریکا کے معروف کلب کورنتھیانس کی انڈر 15 ٹیم میں جگہ مل گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت فٹبال میں ٹیلنٹ تلاش کرنے کے روایتی نظام کو بدل رہی ہے۔ بڑے کلب اب ان ایپس کو ایک ایسے اضافی ذریعہ سمجھتے ہیں جو ہزاروں ویڈیوز میں سے ابتدائی مرحلے پر باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کر سکتا ہے۔