اہم ترین

سلمان خان کا بڑا قانونی وار: کالا ہرن فلم کی ریلیز روکنے کے لئے عدالت پہنچ گئے

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنے متنازع کالا ہرن شکار کیس اور گینگسٹر لارنس بشنوئی سے جوڑے جانے والے تنازع پر بننے والی فلم کالا ہرن: دی بیٹل آف لیگیسی کے خلاف قانونی محاذ کھول دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کےمطابق سلمان خان کی قانونی ٹیم نے فلم کالا ہرن: دی بیٹل آف لیگیسی کے پروڈیوسرز، ہدایت کار اور دیگر متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فلم کی ریلیز فوری طور پر روکنے اور اس سے متعلق تمام تشہیری مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

قانونی نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر فلم کی تشہیر اور ریلیز کا عمل جاری رکھا گیا تو متعلقہ فریقوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس پیش رفت نے فلم کی ریلیز کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔

فلم کی ہدایت کاری بھرت ایس شرینیت نے کی ہے جبکہ اسے امت جانی نے پروڈیوس کیا ہے، جو ماضی میں بھی متعدد متنازع منصوبوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بن چکے ہیں۔ حال ہی میں فلم کا پہلا پوسٹر جاری کیا گیا جس کے بعد اس منصوبے پر بحث نے مزید شدت اختیار کر لی۔

فلم سازوں کے مطابق کالا ہرن: دی بیٹل آف لیگیسی حقیقی واقعات، قانونی لڑائیوں اور سنسنی خیز حالات سے متاثر ایک کورٹ روم ڈرامہ اور کرائم تھرلر ہے۔

اطلاعات کے مطابق فلم میں سلمان خان اور گینگسٹر لارینس بشنوئی کے درمیان برسوں سے جاری تنازع کو فلمی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سلمان خان کی قانونی ٹیم کے اقدام نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ آیا فلم مقررہ وقت پر ریلیز ہو سکے گی یا نہیں۔

ٹیزر کی متوقع ریلیز سے قبل ہی شروع ہونے والے اس تنازع نے شوبز حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے اور اب سب کی نظریں فلم سازوں کے اگلے قدم پر مرکوز ہیں۔

پاکستان