سوشل میڈیا اور ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف کمپنی میٹا نے کاروباری سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنا نیا میٹا بزنس ایجنٹ متعارف کرا دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی یہ جدید نظام دنیا بھر کے کاروباروں کو صارفین سے رابطے، فروخت اور روزمرہ کے انتظامی امور میں مدد فراہم کرے گا۔
میٹا کمپنی کے مطابق یہ اے آئی اسسٹنٹ واٹس ایپ، میسنجر اور انسٹاگرام تینوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا۔ میٹا بزنس ایجنٹ محض ایک چیٹ بوٹ نہیں بلکہ ایک مکمل کاروباری معاون کے طور پر کام کرے گا۔ یہ صارفین کے سوالات کے جواب دینے، مصنوعات کی معلومات فراہم کرنے، کیٹلاگ سے اشیاء تجویز کرنے، اپائنٹمنٹ بک کرنے اور ممکنہ خریداروں کی نشاندہی کرنے جیسی متعدد ذمہ داریاں سنبھال سکے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ اے آئی صارفین کی مقامی زبان میں اور کاروبار کی طے شدہ اندازِ گفتگو کے مطابق جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر کسی مرحلے پر انسانی مداخلت ضروری ہو تو کاروباری ادارے گفتگو کو اپنے عملے کے حوالے بھی کر سکیں گے۔
میٹا نے اس ٹیکنالوجی کو انسٹاگرام تک بھی توسیع دی ہے، جس کے ذریعے مختلف پلیٹ فارمز پر آنے والے پیغامات کو ایک ہی اے آئی سسٹم کے ذریعے منظم کیا جا سکے گا۔ اس اقدام کا مقصد کاروباروں اور صارفین کے درمیان رابطے کو مزید تیز اور مؤثر بنانا ہے۔
کمپنی مستقبل میں اس اے آئی کو مزید جدید بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ آزمائشی فیچرز کے تحت اے آئی کاروباری مالکان کو روزانہ صبح رپورٹ فراہم کرے گا، جس میں رات بھر کی گفتگو کا خلاصہ، صارفین کی دلچسپیوں سے متعلق معلومات اور اہم کاروباری اشارے شامل ہوں گے۔
میٹا نے میٹا بزنس ایجنٹ پلیٹ فارم کے نام سے ایک نیا پلیٹ فارم بھی متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے بڑی کمپنیاں اپنی ضروریات کے مطابق کسٹم اے آئی ایجنٹس تیار کر سکیں گی۔ یہ پلیٹ فارم شوپیفائی اور زین ڈیسک سمیت سیکڑوں کاروباری ٹولز کے ساتھ انضمام کی سہولت فراہم کرے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ سروس مفت دستیاب ہے، تاہم آئندہ چند ماہ میں اسے سبسکرپشن ماڈل کے تحت متعارف کرایا جائے گا، جس کے لیے مختلف کاروباری ضروریات کے مطابق الگ الگ پیکجز پیش کیے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق میٹا کا یہ اقدام اے آئی پر مبنی کاروباری نظاموں کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے اور مستقبل میں کاروباری دنیا کے طریقہ کار کو نمایاں طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔


