گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 جنرل نشستوں پر انتخابات کے لیے ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
الیکشن میں مجموعی طور پر 403 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی، جن میں 396 مرد اور 8 خواتین امیدوار شامل تھیں۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی اور ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
اب تک موصول ہونے والے 24 میں سے 18 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
مسلم لیگ ن 4 سیٹوں پر ، ایک پر مجلس وحدت مسلمین اور 7 پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
باقی نشستوں کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی نظریں حتمی نتائج پر مرکوز ہیں۔ ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ گلگت بلتستان کی سیاست میں پاکستان پیپلز پارٹی نے واضح برتری حاصل کر لی ہے، تاہم مکمل تصویر تمام نشستوں کے نتائج آنے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔



