ایپل کی سالانہ ورلڈ وائیڈ ڈیولپرز کانفرنس (ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی) 2026 کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، جو 12 جون تک جاری رہے گی۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ ایونٹ ایپل کی حالیہ تاریخ کے اہم ترین ایونٹس میں سے ایک ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ اس بار مصنوعی ذہانت (اےآئی) پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
کانفرنس کا انعقاد ایپل پارک، کیلیفورنیا میں کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کی براہ راست نشریات بھارتی وقت کے مطابق رات 10:30 بجے ایپل کے آفیشل یوٹیوب چینل اور ایپل ٹی وی پر دیکھی جا سکیں گی۔
اس سال ایونٹ کی سب سے بڑی توجہ نئے اےآئی سے لیس سیری پر مرکوز ہے۔ رپورٹس کے مطابق سیری کو اب محض ایک وائس اسسٹنٹ کے بجائے ایک جدید چیٹ بوٹ کی شکل دی جائے گی، جو صارف کے ذاتی سیاق و سباق (پرسنل کونٹیکسٹ) کو بہتر انداز میں سمجھنے کی صلاحیت رکھے گا۔
اطلاعات ہیں کہ نیا سیری آئی او ایس ، آئی پیڈ اوایس اور میک او ایس میں سسٹم لیول پر مربوط ہوگا، جس سے وہ ڈیوائس کے مختلف حصوں تک رسائی حاصل کر کے زیادہ ذہین اور مؤثر معاون ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ سیریمیں تصاویر بنانے، فائلوں کا تجزیہ کرنے اور پیچیدہ سوالات کے جوابات دینے جیسی جدید اےآئی صلاحیتیں بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی 2026 میں آئی فون کے لیے نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 27 کی رونمائی بھی متوقع ہے۔ اس اپ ڈیٹ میں کیمرا اور فوٹوز ایپلی کیشنز کو نئے اےآئی ٹولز سے لیس کیا جا سکتا ہے۔ کیمرا ایپ میں موجودہ فوٹو، ویڈیو اور پورٹریٹ موڈ کے ساتھ نئے فیچرز شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ فوٹوز ایپ میں تصویر ایڈیٹنگ کے لیے جدید اےآئی آپشنز متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آئی او ایس 27 میں مستقبل کے فولڈ ایبل آئی فون کے لیے خصوصی یوزر انٹرفیس بھی شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ ایونٹ میں آئی پیڈ اوایس 27، میک او ایس 27، واچ اوایس 27 اور ٹی وی اوایس 27 کے نئے ورژنز بھی پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
ٹیکنالوجی کی دنیا کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا ایپل اپنے نئے اےآئی فیچرز کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں خود کو دوبارہ مضبوط مقام دلانے میں کامیاب ہو پائے گا یا نہیں



