قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپس : ریڈ اور وائٹ بال فارمیٹ کھلاڑیوں کی الگ تیاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ بین الاقوامی مصروفیات کے پیشِ نظر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹرز کے لیے خصوصی تربیتی کیمپس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ریڈ بال کرکٹرز کا کیمپ 9 جون سے شروع ہو گیا ہے جبکہ وائٹ بال کھلاڑی 15 جون کو کیمپ جوائن کریں گے، جس کے بعد دونوں کیمپس بیک وقت جاری رہیں گے۔ ریڈ بال کیمپ 10 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے دورے سے قبل پری ٹور کیمپ لگایا جائے گا۔ پاکستان ٹیم 15 جولائی کے قریب ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی جہاں اسے دو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔

وائٹ بال کیمپ 18 ستمبر تک جاری رہے گا۔ قومی ٹیم کو رواں سال جاپان میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ایشین گیمز اور بعد ازاں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سہ فریقی سیریز میں شرکت کرنا ہے۔

ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اپنے اپنے کیمپس کی نگرانی کریں گے۔ ابتدائی مرحلے میں 22 ریڈ بال اور 27 وائٹ بال کرکٹرز کو کیمپس میں شامل کیا گیا ہے۔ انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف کھلاڑیوں کو فی الحال کیمپ میں شامل نہیں کیا گیا تاہم ضرورت پڑنے پر انہیں بعد میں طلب کیا جا سکتا ہے۔

پی سی بی کے مطابق کیمپس کے دوران کھلاڑی فٹنس، مہارتوں میں بہتری، منظرناموں پر مبنی پریکٹس میچز اور کوچز کے ساتھ ون آن ون سیشنز میں حصہ لیں گے تاکہ انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔

پی سی بی کو امید ہے کہ یہ طویل المدتی تربیتی پروگرام قومی ٹیم کی حالیہ غیر تسلی بخش کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ پاکستان ٹیم حالیہ برسوں میں آئی سی سی ایونٹس اور ٹیسٹ کرکٹ میں توقعات کے مطابق نتائج دینے میں ناکام رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف اہم سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔