کراچی میں سندھ ہائیکورٹ نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف درج مقدمے میں ان کی عبوری ضمانت میں ستمبر کے دوسرے ہفتے تک توسیع کر دی۔
سماعت کے دوران رجب بٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ مدعی مقدمہ کے وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ وہ تعطیلات پر ہیں، لہٰذا کیس کی تیاری کے لیے مزید مہلت دی جائے۔ اس موقع پر ایسوسی ایٹ ایڈووکیٹ نے بھی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے رجب بٹ کی عبوری ضمانت برقرار رکھی اور اس میں ستمبر کے دوسرے ہفتے تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سیشن عدالت رجب بٹ کی عبوری ضمانت منسوخ کر چکی تھی، جس کے بعد انہوں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
رجب بٹ کے خلاف کراچی کے تھانہ حیدری میں مقدمہ درج ہے، جبکہ مقدمے کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔


