اہم ترین

شوٹنگ کےدوران رنجیت کے رویے نے دل توڑ دیا: اداکارہ ٹینا پاریکھ کا انکشاف

بھارت کی معروف ٹی وی اداکارہ ٹینا پاریکھ نے سینئر بالی ووڈ اداکار رنجیت کے ساتھ پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے رویے نے انہیں شدید صدمہ پہنچایا تھا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ٹینا پاریکھ نے بتایا کہ ڈراما ڈالر بہو کی شوٹنگ کے دوران ان کے رنجیت کے ساتھ دو مناظر تھے۔ وہ بچپن سے رنجیت کی مداح رہی تھیں اور ان کے ساتھ کام کرنے پر بے حد خوش تھیں، تاہم اداکار کے رویے نے انہیں مایوس کر دیا۔

ٹینا پاریکھ کے مطابق جب شوٹنگ نہیں ہو رہی تھی تو وہ رنجیت کو اداکاری کرتے ہوئے دیکھا کرتی تھیں، لیکن ایک موقع پر رنجیت نے انہیں سخت لہجے میں کہا کہ اپنا وقت ضائع مت کرو، تم یہاں کیوں کھڑی ہو؟ جاؤ۔

اداکارہ نے کہا کہ ان الفاظ نے ان کا دل توڑ دیا اور وہ خود کو بے عزت اور حوصلہ شکن محسوس کرنے لگیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حیران تھیں کہ ایک اتنے بڑے اور سینئر فنکار کسی سے اس انداز میں کیسے بات کر سکتے ہیں۔

ٹینا پاریکھ نے بتایا کہ اگرچہ یہ تجربہ تکلیف دہ تھا، لیکن اس سے انہیں ایک اہم سبق ملا۔ ان کے بقول، اگر وہ کبھی بڑی اسٹار بنیں تو ہمیشہ عاجزی اور اچھے اخلاق کا مظاہرہ کریں گی اور کبھی کسی کے ساتھ ایسا رویہ اختیار نہیں کریں گی۔

واضح رہے کہ 47 سالہ ٹینا پاریکھ کہانی گھر گھر کی، کسوٹی زندگی کی اور “کھچڑی” جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث شہرت حاصل کر چکی ہیں، جبکہ 83 سالہ رنجیت بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ہدایت کار ہیں اور دو سو سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

پاکستان