اہم ترین

اچانک سننے کی صلاحیت ختم: گلوکارہ الکا یاگنک نے بیماری سے متعلق بتا دیا

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف پلے بیک سنگر الکا یاگنک نے اپنی نایاب سماعتی بیماری سے متعلق دو سالہ جدوجہد پر پہلی بار تفصیل سے بات کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

الکا یاگنک نے 2024 میں انکشاف کیا تھا کہ وہ ایک نایاب بیماری سینسرینورل ہیئرنگ لاس کا شکار ہو گئی ہیں، جو مبینہ طور پر ایک وائرل حملے کے باعث پیدا ہوئی۔ اس خبر نے ان کے مداحوں اور موسیقی کی دنیا کو حیران کر دیا تھا۔

گلوکارہ کے مطابق یہ مسئلہ اچانک پیش آیا جب ایک پرواز سے اترنے کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ وہ کوئی آواز سن نہیں پا رہیں۔ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کے سماعتی اعصاب متاثر ہوئے ہیں۔

الکا یاگنک نے حالیہ پیغام میں بتایا کہ گزشتہ دو برسوں سے وہ عوامی تقریبات اور میڈیا سے دور رہیں تاکہ اپنی صحت پر توجہ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مداحوں کی محبت، دعاؤں اور حمایت نے اس مشکل وقت میں ان کا حوصلہ بڑھایا۔

سماعت کی اس بیماری نے ان کے پیشہ ورانہ سفر کو بھی متاثر کیا۔ 1990 اور 2000 کی دہائیوں میں اپنی مدھر آواز سے کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی گلوکارہ کو ریکارڈنگز سے وقفہ لینا پڑا۔

گلوکارہ نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ صحت یابی کی طرف بڑھ رہی ہیں اور آہستہ آہستہ معمول کی زندگی کی طرف واپس آنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کے پیغام کے بعد مداحوں نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پاکستان