پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاداب خان نے وائیٹلٹی بلاسٹ کے بقیہ میچز کے لیے انگلش کاؤنٹی لنکاشائر سے معاہدہ کر لیا ہے، جبکہ آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپ بھی اسی مدت کے لیے سرے کاؤنٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔
پاکستانی آل راؤنڈر کو لنکاشائر نے آسٹریلوی آل راؤنڈر کرس گرین کے متبادل کے طور پر شامل کیا ہے، جو انجری کے باعث سیزن کے باقی میچز سے باہر ہو گئے ہیں۔ شاہداب اس سے قبل بھی انگلینڈ میں وائیٹلٹی بلاسٹ کھیل چکے ہیں اور سسیکس اور یارکشائر کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
شاداب خان لنکاشائر کی جانب سے اپنے پہلے میچ میں جمعہ کی رات لیسٹرشائر کے خلاف میدان میں اتر سکتے ہیں۔ انہوں نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنا انہیں ہمیشہ پسند رہا ہے اور وہ لنکاشائر جیسے تاریخی کلب کا حصہ بننے کے لیے پرجوش ہیں۔
شاداب خان نے کہا کہ لنکاشائر انگلینڈ کے بڑے کلبز میں شمار ہوتا ہے، جس کی تاریخ شاندار ہے ۔
ٹی20 کرکٹ میں شاداب خان کا شمار دنیا کے تجربہ کار کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے 124 ٹی20 میچز میں 1009 رنز بنائے ہیں جبکہ 123 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 144 اور بولنگ اکانومی ریٹ 7.4 ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپ سرے کاؤنٹی کے لیے ایک ماہ کے معاہدے پر شامل ہوئے ہیں۔ وہ جمعہ کو سسیکس کے خلاف میچ میں ایکشن میں آ سکتے ہیں اور اگر سرے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچتا ہے تو وہ ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔
سرے کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ایلک اسٹیورٹ کے مطابق فلپ کو انگلینڈ کی وائٹ بال ڈیوٹی پر موجود کھلاڑیوں ول جیکس اور سام کرن کی عدم دستیابی کو دیکھتے ہوئے شامل کیا گیا ہے۔
جوش فلپ نے سرے سے منسلک ہونے کو ایک بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا کلب ہے اور وہ ٹیم کو وائیٹلٹی بلاسٹ کے آخری مراحل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کیا اوول کو دنیا کے عظیم کرکٹ گراؤنڈز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے وہاں کھیلنے پر خوشی کا اظہار کیا۔











