اہم ترین

ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی حکمت عملی تبدیل، ناک آؤٹ مرحلے سے قبل میسی کو ریلیف

ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی نے تصدیق کی ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں اردن کے خلاف کپتان لیونل میسی ابتدائی لائن اپ کا حصہ نہیں ہوں گے اور بینچ سے میدان میں اتریں گے۔

اسکالونی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ میسی کو میچ کے آغاز میں آرام دیا جائے گا، تاہم وہ بعد میں بطور متبادل کھلاڑی میدان میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا حتمی اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا۔

ارجنٹائن پہلے ہی آسٹریا کو 0-2 اور الجزائر کو 0-3 سے شکست دے کر گروپ جے میں پہلی پوزیشن یقینی بنا چکا ہے، اس لیے ناک آؤٹ مرحلے سے قبل اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

39 سالہ لیونل میسی، جنہوں نے چند روز قبل اپنی سالگرہ منائی، اب تک ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن کے تمام پانچوں گول کر چکے ہیں۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

گروپ مرحلے سے پہلے ہی اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی ارجنٹائن کی ٹیم اب راؤنڈ آف 32 میں گروپ ایچ کی رنر اپ ٹیم سے مقابلہ کرے گی، جہاں اسپین، یوراگوئے، کیپ وردے اور سعودی عرب کی ٹیمیں شامل ہیں۔

دوسری جانب ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی نکولس تاگلیافیکو نے میسی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2022 کے مقابلے میں بھی زیادہ بہترین فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میسی کی 39ویں سالگرہ کے موقع پر پوری ٹیم نے ان کے اعزاز میں خصوصی ٹی شرٹس پہنیں اور کیک کاٹ کر جشن منایا، جس نے ٹیم کے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔

پاکستان