بھارتی ٹی وی اداکارہ جیسمین بھسین نے اپنی صحت کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ابھی مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں آئیں۔ اداکارہ علاج جاری رکھنے کے لیے دبئی سے بھارت واپس پہنچ گئی ہیں۔
جیسمین بھسین نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک ویڈیو پیغام میں مداحوں کی دعاؤں اور محبت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کے ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال میں ہی زیر علاج رہنے کا مشورہ دیا تھا اور انہیں فوری طور پر فضائی سفر کے لیے بھی فٹ قرار نہیں دیا گیا تھا۔
اداکارہ کے مطابق ڈاکٹروں نے انجیکشن اور ضروری طبی نگہداشت کے ذریعے ان کی حالت کو مستحکم کیا، جس کے بعد وہ بھارت روانہ ہونے میں کامیاب ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ بھارت کے ایک اسپتال میں داخل ہو کر اپنا مزید علاج جاری رکھیں گی کیونکہ اپنے ملک میں رہ کر علاج کروانا ان کے لیے زیادہ اطمینان بخش ہے۔
اس سے قبل اداکار علی گونی نے دبئی کے اسپتال سے جیسمین بھسین کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی سالگرہ پر جذباتی پیغام لکھا تھا، جس کے بعد مداح اداکارہ کی صحت کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسمین بھسین ٹرمینل آئیلیائٹس نامی طبی عارضے میں مبتلا ہیں، تاہم انہوں نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔











