اہم ترین

پرائیویسی مزید مضبوط، واٹس ایپ میں یوزر نیم فیچر متعارف

میٹا کی زیرِ ملکیت انسٹنٹ میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی بہتر بنانے کے لیے ایک اہم فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب صارفین فون نمبر کے بجائے یوزر نیم کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کے ذاتی فون نمبر کو غیر ضروری طور پر دوسروں کے سامنے آنے سے بچانا ہے۔ یوزر نیم منتخب کرنے کے بعد صارفین کو کسی نئے شخص، گروپ یا ادارے سے رابطہ کرنے کے لیے اپنا موبائل نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

میٹا نے وضاحت کی ہے کہ اس تبدیلی کے بعد جب کوئی صارف کسی واٹس ایپ گروپ میں شامل ہوگا یا پہلی مرتبہ کسی سے گفتگو کرے گا تو اس کا فون نمبر خودکار طور پر دوسرے افراد کے سامنے ظاہر نہیں ہوگا، بلکہ رابطے کے لیے منتخب کردہ یوزر نیم استعمال کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق ہر صارف کو ایک منفرد یوزر نیم منتخب کرنا ہوگا، تاہم دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تقریباً 3 ارب صارفین ہونے کے باعث ممکن ہے کہ ہر شخص کو اپنی پسند کا نام دستیاب نہ ہو۔

واٹس ایپ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ معروف شخصیات، سرکاری عہدیداروں یا حساس شناخت رکھنے والے نام عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد جعلی اکاؤنٹس، شناخت کی چوری اور آن لائن دھوکہ دہی کے امکانات کو کم کرنا ہے۔

یہ نیا فیچر مرحلہ وار صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا اور توقع ہے کہ اس سے واٹس ایپ پر رابطے کا عمل پہلے سے زیادہ محفوظ اور پرائیویسی کے لحاظ سے مضبوط ہو جائے گا۔

پاکستان