اہم ترین

یوکرین کو ڈرون دینے والی جرمن کمپنی پر ڈالروںکی بارش، یورپ کی جنگی تیاری تیز

یورپ میں دفاعی ٹیکنالوجی کے بڑھتے رجحان کے درمیان جرمنی کی ڈرون ساز کمپنی کوانٹم سسٹمز نے ایک بڑی مالی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 1.2 ارب ڈالر کی نئی فنڈنگ حاصل کر لی ہے، جس کے بعد کمپنی کی مجموعی مالیت بڑھ کر 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اس پیش رفت کو یورپ میں دفاعی صنعت، خاص طور پر اے آئی سے چلنے والے خودکار ڈرونز اور جنگی نظاموں میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

میونخ میں قائم کوانٹم سسٹمز نگرانی اور جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے ڈرونز کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکار نظام تیار کرتی ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ نئی سرمایہ کاری میں امریکی پرائیویٹ ایکویٹی کمپنی بلیک اسٹون، یورپی فضائی کمپنی ایئر بس اور سرمایہ کاری فرموں نوٹئیس اور ایڈوینٹ سمیت کئی بڑے نام شامل ہیں۔ اس فنڈنگ راؤنڈ نے کمپنی کی ویلیو کو پہلے کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ بڑھا دیا ہے۔

کمپنی کے شریک چیف ایگزیکٹو سوین کرُک کے مطابق اس سرمایہ کاری سے کوانٹم سسٹمز کو اپنی پیداوار بڑھانے، عالمی سطح پر توسیع کرنے اور اگلی نسل کے اے آئی پاورڈ خودکار سسٹمز تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فنڈنگ کا ایک اہم حصہ کمپنی کے ان سافٹ ویئر پلیٹ فارمز کی بہتری پر بھی خرچ ہوگا جو مختلف خودکار نظاموں کو آپس میں جوڑتے ہیں۔

جرمن کمپنی پہلے ہی یوکرین کی افواج کو جاسوسی ڈرون فراہم کر رہی ہے، جبکہ جرمن فوج اور دیگر یورپی افواج بھی اس کی مصنوعات استعمال کر رہی ہیں۔ روس کے خلاف جنگ کے تناظر میں یوکرین کو فراہم کیے جانے والے ان ڈرونز نے کوانٹم سسٹمز کو یورپی دفاعی صنعت میں نمایاں مقام دلایا ہے۔ کمپنی کی آمدنی گزشتہ سال تقریباً 300 ملین یورو رہی تھی۔

کوانٹم سسٹمز اب صرف نگرانی کرنے والے ڈرونز تک محدود نہیں رہی بلکہ وہ خودکار زمینی اور بحری نظام بھی تیار کر رہی ہے۔ کمپنی کے شریک بانی اور شریک چیف ایگزیکٹو فلوریان زائبل نے صحافیوں کو بتایا کہ نئی فنڈنگ مستقبل میں کمپنی کو دفاعی شعبے میں مزید توسیع اور ممکنہ خریداریوں کا موقع بھی دے سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس سرمایہ کاری کے بعد اسٹارک ڈیفنس نامی حملہ آور ڈرون بنانے والی کمپنی کے حصول کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جس کے قیام میں وہ خود بھی شامل رہے ہیں۔

تاہم اسٹارک ڈیفنس نے فوری طور پر اس امکان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت کوانٹم سسٹمز کے ساتھ انضمام کا کوئی منصوبہ نہیں۔ کمپنی کے مطابق ایک مضبوط یورپی دفاعی نظام اسی وقت ممکن ہے جب آزاد کمپنیاں ایک دوسرے سے مقابلہ بھی کریں، جدت بھی لائیں اور ضرورت پڑنے پر تعاون بھی کریں۔

پاکستان