اہم ترین

فیصل خان کی بھائی عامر خان اور اہلِ خانہ سے اپنے لگائے الزامات پر معذرت

بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے بھائی اور سابق اداکار فیصل خان نے ماضی میں اپنے خاندان پر لگائے گئے الزامات پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب تمام اختلافات ختم کرکے اہلِ خانہ، خصوصاً عامر خان، کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں فیصل خان نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار عوامی سطح پر کیا۔ انہوں نے اپنی والدہ، بہن نکھت اور عامر خان سمیت خاندان کے دیگر افراد سے معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہیں بعض باتیں عوام کے سامنے نہیں کرنی چاہیے تھیں۔

فیصل خان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ماضی کی تلخیاں بھلا کر خاندان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سرکاری اسپتال سے انہیں ذہنی صحت کے حوالے سے کلیئر قرار دیا گیا تھا، جبکہ ان کے مطابق ممکن ہے کہ پہلے کچھ ڈاکٹروں کی تشخیص درست نہ رہی ہو۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا خاندان اب ماضی کے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ان پر اعتماد کرے گا اور باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کی جانب قدم بڑھائے گا۔ یہ بیان عامر خان کی گوری اسپرٹ سے متوقع شادی سے قبل سامنے آیا ہے، جس نے اس معاملے کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

پاکستان