اہم ترین

یوٹیوب، نیٹ فلکس اور پرائم ویڈیو میں کون سب سے زیادہ انٹرنیٹ ڈیٹااستعمال کرتا ہے

اگر آپ کا موبائل ڈیٹا بہت جلد ختم ہو جاتا ہے تو اس کی بڑی وجہ ویڈیو اسٹریمنگ اور سوشل میڈیا ایپس ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق مختلف ایپس میں ڈیٹا کا استعمال ویڈیو کی کوالٹی اور صارف کے استعمال کے انداز پر منحصر ہوتا ہے۔

یوٹیوب سب سے زیادہ ڈیٹا استعمال کرنے والی ایپس میں شامل ہے۔ 360p ویڈیو دیکھنے پر تقریباً 500 ایم بی فی گھنٹہ ڈیٹا خرچ ہوتا ہے، جبکہ 720 ایچ ڈی پر 1.5 سے 2 جی بی، 1080پکسل فل ایچ ڈی پر تقریباً 3 جی بی اور 4K ویڈیوز دیکھنے پر 15 جی بی یا اس سے زیادہ ڈیٹا استعمال ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب نیٹ فلکس اور پرائم ویڈیو پر کم کوالٹی میں ویڈیوز دیکھنے سے 300 سے 700 ایم بی فی گھنٹہ ڈیٹا خرچ ہوتا ہے، جبکہ ایچ ڈی یا فُل ایچ ڈی میں یہ استعمال 3 جی بی تک پہنچ سکتا ہے۔ 4 کے اسٹریمنگ کے دوران دونوں پلیٹ فارمز پر 7 جی بی یا اس سے زیادہ ڈیٹا استعمال ہو سکتا ہے۔

سوشل میڈیا ایپس میں انسٹاگرام پر مسلسل ریلز اور ویڈیوز دیکھنے سے تقریباً 700 ایم بی فی گھنٹہ ڈیٹا خرچ ہو سکتا ہے، جبکہ فیس بک پر عام براؤزنگ نسبتاً کم ڈیٹا لیتی ہے، تاہم ویڈیوز دیکھنے پر یہ استعمال 500 ایم بی فی گھنٹہ تک پہنچ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ موبائل ڈیٹا بچانا چاہتے ہیں تو ویڈیو کی کوالٹی کم رکھیں، آٹو پلے اور آٹو اسٹریمنگ فیچرز بند کریں اور جہاں ممکن ہو وائی فائی استعمال کریں۔ اس طرح نہ صرف ڈیٹا بچے گا بلکہ بیٹری کی کھپت بھی کم ہوگی۔

پاکستان