بالی وڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر فلمی دنیا میں نمایاں واپسی کرنے جا رہی ہیں۔ تقریباً 15 برس بعد وہ بڑی سکرین پر ایک مکمل اور مرکزی کردار کے ساتھ نظر آئیں گی، جہاں وہ معروف روحانی شخصیت سِسٹر نِویدِتا کی زندگی پر بننے والی بایوپک میں ان کا کردار ادا کریں گی۔ اس فلم کی ہدایت کاری رام کمل مکھرجی کر رہے ہیں۔
سیلینا جیٹلی کے مطابق یہ فلم محض ایک اور پروجیکٹ نہیں بلکہ ان کے لیے ایک گہرا ذاتی اور روحانی تجربہ ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رام کمل مکھرجی کے ساتھ کام کرنا ان کے سابقہ تمام اداکاری تجربات سے بالکل مختلف ہے۔ ان کے بقول، ایسے وژن رکھنے والے ہدایتکار کے ساتھ کام کرتے ہوئے اداکار صرف ایک کردار ادا نہیں کرتا بلکہ اس عہد اور اس شخصیت کی روح کو محسوس کرنے لگتا ہے۔
یہ فلم سِسٹر نِویدِتا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جن کا اصل نام مارگریٹ نوبل تھا۔ وہ 1867 میں آئرلینڈ میں پیدا ہوئیں اور 1895 میں لندن میں پہلی بار سوامی وویکانند سے ملیں۔ بعد ازاں وہ انڈیا آئیں اور 1898 میں باقاعدہ ان کی شاگرد بن گئیں، جس کے بعد انہیں ’نِویدِتا‘ کا نام دیا گیا۔ سِسٹر نِویدِتا نے اپنی زندگی تعلیم، خواتین کی فلاح، سماجی خدمت اور روحانی مشن کے لیے وقف کر دی تھی، جس کے باعث انہیں برصغیر کی اہم تاریخی و روحانی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔
سیلینا جیٹلی نے کہا کہ ان کے لیے سِسٹر نِویدِتا کا کردار صرف ایک تاریخی شخصیت کی عکاسی نہیں بلکہ ایک اندرونی وابستگی کا اظہار بھی ہے۔ ان کے مطابق یہ کردار ادا کرنا ایک اداکارہ کے طور پر محض کام نہیں بلکہ ایک ایسی پکار کا جواب دینا ہے جو شاید برسوں پہلے ان کی زندگی میں داخل ہو چکی تھی۔
اداکارہ نے اس کردار سے اپنی ذاتی وابستگی کی تفصیل بھی بیان کی۔ ان کے مطابق بچپن میں وہ اپنے والدین کے ساتھ مغربی بنگال اور دارجلنگ کے سفر کیا کرتی تھیں، جہاں وہ اکثر ’روئے ولا‘ نامی مقام پر رکتی تھیں۔ یہی وہ جگہ تھی جہاں سِسٹر نِویدِتا نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے۔ سیلینا کا کہنا ہے کہ اس وقت شاید وہ اس تعلق کو سمجھ نہیں پاتی تھیں، مگر آج محسوس ہوتا ہے کہ اس مقام اور اس شخصیت نے ان کے لاشعور پر گہرا اثر چھوڑا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد مغربی بنگال کے علاقے بنگور میں تعینات تھے، اور فوجی قافلوں کے ساتھ دارجلنگ کے سفر کے دوران روئے ولا پر رکنا معمول کا حصہ تھا۔ ان کے مطابق اس جگہ کا سکون، اس کا روحانی ماحول اور وہاں کی فضا ہمیشہ انہیں اپنی جانب کھینچتی رہی۔ سیلینا نے یہ بھی کہا کہ سِسٹر نِویدِتا کی زندگی اور جدوجہد سے انہیں سب سے پہلے ان کی والدہ نے روشناس کرایا تھا۔
سیلینا جیٹلی نے اس موقع پر اپنی ذاتی زندگی کے ایک اہم مرحلے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یورپ میں 15 سال گزارنے کے بعد انڈیا واپسی نے ان کے اندر ایک نئی تبدیلی پیدا کی۔ ان کے بقول اپنی جڑوں، سناتن دھرم اور اپنی شناخت کو دوبارہ دریافت کرنے کا یہ سفر ان کے لیے بہت گہرا اور روحانی رہا۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات زندگی بعد میں سمجھ آنے والے انداز میں تمام چیزوں کو ایک دوسرے سے جوڑ دیتی ہے، اور یہی احساس اس کردار کو ان کے لیے مزید خاص بناتا ہے۔











