اہم ترین

کینیڈا کی سوئمر سمر میک انٹوش کا 200 میٹر بٹر فلائی میں نیا عالمی ریکارڈ

مونٹریال: کینیڈا کی نوجوان اولمپک چیمپئن تیراک سمر میک انٹوش نے کینیڈین سوئمنگ چیمپئن شپ میں خواتین کی 200 میٹر بٹر فلائی میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے خواتین کی تیراکی کا 17 سال پرانا قدیم ترین عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

19 سالہ سمر میک انٹوش نے فائنل ریس صرف 2 منٹ 1.65 سیکنڈ میں مکمل کی اور چین کی لیو زیگے کا اکتوبر 2009 میں قائم کیا گیا 2 منٹ 1.81 سیکنڈ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ یہ ریکارڈ خواتین کی تیراکی میں سپر سوٹ دور کا آخری عالمی ریکارڈ تھا، جو 2010 میں پولی یوریتھین سوٹس پر پابندی کے بعد بھی برقرار تھا۔

تاریخی کامیابی کے بعد جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے سمر میک انٹوش نے کہا کہ انہیں ہمیشہ لگتا تھا کہ یہی وہ عالمی ریکارڈ ہے جسے وہ کبھی نہیں توڑ سکیں گی، لیکن اپنے ہی ملک کے شائقین کے سامنے یہ کامیابی حاصل کرنا ان کے لیے ناقابلِ فراموش لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخری 50 میٹر میں تماشائیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی نے انہیں اپنی پوری طاقت کے ساتھ تیراکی جاری رکھنے کا حوصلہ دیا۔

ٹورنٹو سے تعلق رکھنے والی سمر میک انٹوش نے ریس کا آغاز بھی انتہائی تیز رفتاری سے کیا اور پہلے 50 میٹر صرف 27.45 سیکنڈ میں مکمل کیے، جبکہ اختتامی مرحلے میں شاندار رفتار برقرار رکھتے ہوئے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

سمر میک انٹوش، جو 2024 پیرس اولمپکس میں تین طلائی تمغے جیت چکی ہیں، اب چار مختلف مقابلوں میں عالمی ریکارڈز کی مالک بن گئی ہیں۔ ان کے پاس 200 میٹر اور 400 میٹر انفرادی میڈلے، 400 میٹر فری اسٹائل اور 200 میٹر بٹر فلائی کے عالمی ریکارڈ موجود ہیں۔

وہ پیرس اولمپکس میں 200 میٹر بٹر فلائی کے علاوہ 200 اور 400 میٹر انفرادی میڈلے میں بھی طلائی تمغے جیت چکی ہیں، جبکہ ان کے کیریئر میں عالمی چیمپئن شپ کے آٹھ طلائی اعزاز بھی شامل ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے سنگاپور میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں چار طلائی تمغے اپنے نام کیے تھے۔

سمر میک انٹوش آئندہ ماہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اروائن میں ہونے والی پین پیسیفک سوئمنگ چیمپئن شپ میں بھی متعدد مقابلوں میں طلائی تمغے کی مضبوط امیدوار تصور کی جا رہی ہیں۔

پاکستان