فیفا ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا، جہاں ناروے نے پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپیئن برازیل کو 2-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
امریکی شہر نیو جرسی میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں ناروے نے نہ صرف تاریخی کامیابی حاصل کی بلکہ پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی بھی حاصل کر لی۔
میچ کافی دیر تک سنسنی خیز مرحلے میں داخل نہ ہو سکا، تاہم آخری لمحات میں ناروے کے اسٹار فارورڈ ایرلنگ ہالینڈ نے کھیل کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے 79ویں منٹ میں پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ 90ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے برازیل کی امیدوں پر کاری ضرب لگائی۔ برازیل کی جانب سے واحد گول میچ کے اختتامی لمحات میں نیمار جونیئر نے پنالٹی کِک پر کیا، مگر یہ گول شکست کو نہ ٹال سکا۔
جوں ہی میچ کے اختتام پر ناروے کی فتح یقینی ہوئی، سٹیڈیم جشن سے گونج اٹھا۔ شائقین نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر تاریخی کامیابی کا بھرپور جشن منایا۔ ناروے کے کوچ اسٹیل سولبے بھی اس موقع پر جذباتی دکھائی دیے اور تالیوں کے ذریعے مداحوں کا جوش بڑھاتے رہے، جبکہ کھلاڑیوں نے روایتی انداز میں ڈرم کی تھاپ پر خوشی کا اظہار کیا۔ میچ کے ہیرو ایرلنگ ہالینڈ نے خود میدان میں ڈرم بجا کر جشن کو یادگار بنا دیا۔
اس کامیابی کی خوشی صرف سٹیڈیم تک محدود نہ رہی بلکہ ناروے میں بھی عوام گھروں سے نکل آئے اور سڑکوں پر جشن منایا۔ دوسری جانب برازیلین کھلاڑیوں پر شکست کا غم نمایاں تھا، جبکہ ٹیم کے اسٹار نیمار کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ دیکھا گیا۔
ناروے اب کوارٹر فائنل میں انگلینڈ یا میکسیکو میں سے کسی ایک ٹیم کا سامنا کرے گا۔ ورلڈ کپ میں اس سے قبل بھی ایک بڑا اپ سیٹ اس وقت دیکھنے میں آیا تھا جب پیراگوئے نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر جرمنی کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔ یوں رواں ورلڈ کپ میں بڑے ناموں کے خلاف حیران کن نتائج کا سلسلہ جاری ہے، جس نے ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔











