اہم ترین

دوہفتوں میں سوا دو لاکھ سے زائد افراد کی حج رجسٹریشن، آن لائن عمل جاری

وزارت مذہبی امور کے تحت حج 2027 سے 2030 تک کے لیے جاری آن لائن رجسٹریشن مہم میں صرف ابتدائی دو ہفتوں کے دوران ہی دو لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد نے خود کو رجسٹر کرا لیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ عمل بدستور جاری ہے اور نئی ہدایات آنے تک بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رجسٹریشن کے پہلے 14 دنوں میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں شہریوں نے گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کی۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی تیار کردہ پاک حج ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے چند منٹوں میں رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے، جس کے باعث عازمین کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت پیش نہیں آ رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق اب تک رجسٹر ہونے والے عازمین میں سے ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے، جبکہ 58 ہزار کے قریب درخواست گزاروں نے پرائیویٹ حج اسکیم کو ترجیح دی ہے۔ صوبہ وار تفصیلات کے مطابق پنجاب سب سے آگے ہے جہاں ایک لاکھ 8 ہزار سے زیادہ افراد نے رجسٹریشن کرائی، سندھ سے 71 ہزار جبکہ خیبر پختونخوا سے 33 ہزار عازمین نے اپنا اندراج مکمل کیا۔

رجسٹرڈ عازمین میں مردوں کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد جبکہ خواتین کی تعداد 96 ہزار سے زیادہ بتائی گئی ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ حج رجسٹریشن کے عمل میں خواتین کی شرکت بھی نمایاں رہی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج 2027 تا 2030 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور اسے نئی ہدایات تک بند نہیں کیا جائے گا۔ وزارت نے خواہش مند شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تاخیر سے بچنے کے لیے جلد از جلد اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ آئندہ مرحلوں میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پاکستان