اہم ترین

حماس نے غزہ کا انتظامی کنٹرول ٹیکنو کریٹ کمیٹی کے سپرد کرنے کا اعلان کردیا

فلسطینی تنظیم حماس نے غزہ میں اپنا کنٹرول ختم کرنے اور انتظامی امور ٹیکنوکریٹ کمیٹی کو دینے کا اعلان کردیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق حماس کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کے ذریعے ٹیکنوکریٹ کمیٹی کو انتظامی معاملات سونپنے کاا علان کیا ۔

حماس کے مطابق یہ فیصلہ تقریباً دو دہائیوں پر مشتمل اس انتظامی ڈھانچے کے خاتمے کی طرف ایک اہم قدم ہے جس کے تحت 2007 سے تنظیم غزہ کے امور چلا رہی تھی۔ اس پیش رفت سے نیشنل کمیٹی فار ایڈمنسٹریشن آف غزہ کے کردار کی راہ ہموار ہو رہی ہے، جو شہری انتظام سنبھالنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔

حماس کے تنظیمی عہدیدار کے مطابق ایک متفقہ فلسطینی شخصیت کو عبوری طور پر کمیٹی کی نگرانی سونپی جائے گی، جو بعد میں غزہ کی انتظامیہ مکمل طور پر سنبھالے گی۔ اس فیصلے سے دیگر فلسطینی دھڑوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جنہوں نے اسے ایک مثبت اور سنجیدہ قدم قرار دیا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ سال جنگ بندی کے بعد غزہ کے مستقبل اور انتظامی ڈھانچے پر مختلف فریقین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ تاہم سب سے بڑا مسئلہ اب بھی حماس کے عسکری کردار اور اس کے ہتھیاروں کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔

ادھر اسرائیل اس بات پر مصر ہے کہ حماس دوبارہ غزہ کی حکمرانی میں واپس نہ آئے، جبکہ فلسطینی اتھارٹی کے براہ راست کردار پر بھی اختلافات موجود ہیں۔ اسی تناظر میں غزہ کے بعد از جنگ انتظامی ڈھانچے پر بات چیت فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔

حماس کا یہ اقدام خطے میں سیاسی صورتحال میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، تاہم اس کے عملی اثرات کا انحصار آنے والے مذاکرات اور زمینی پیش رفت پر ہوگا۔

پاکستان