ایپل کے متوقع اسمارٹ فون آئی فون ایئر 2 کے حوالے سے نئی لیکس سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق کمپنی اپنے گزشتہ ماڈل کی سب سے بڑی خامی دور کرتے ہوئے اس بار ڈوئل رئیر کیمرا سیٹ اپ متعارف کرا سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون ایئر 2 میں 48 میگا پکسل کا مین کیمرا اور 48 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا دیا جا سکتا ہے، جو گزشتہ آئی فون ایئر کے سنگل کیمرے کے مقابلے میں نمایاں اپ گریڈ ہوگا۔ بتایا جا رہا ہے کہ نئے ماڈل میں کیمرے کے ماڈیول کا ڈیزائن بھی تبدیل کیا جائے گا۔
معروف ٹیک یوٹیوبر جون پراسر نے دعویٰ کیا ہے کہ سامنے آنے والے رینڈرز ایپل کی سپلائی چین سے حاصل ہونے والی معلومات پر مبنی ہیں۔ تاہم ایپل نے ابھی تک ان تفصیلات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
لیکس کے مطابق آئی فون ایئر 2 میں جدید 2 اے 20این ایم یا اے20 پرو چپ سیٹ استعمال کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ فون میں ٹائٹینیم چیسز بھی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
قیمت کے حوالے سے بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ ایپل اپنی نئی آئی فون 18 سیریز کی قیمتوں میں تقریباً 50 امریکی ڈالر تک اضافہ کر سکتا ہے، جبکہ بعض رپورٹس میں چند ماڈلز کی قیمت 300 ڈالر تک بڑھنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ تمام تفصیلات غیر سرکاری لیکس پر مبنی ہیں اور ایپل کی جانب سے ابھی تک آئی فون ایئر 2 کی خصوصیات یا لانچ کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔











